
Paraplegic Center Peshawar Organized a one day Workshop on Wheelchair for Senior Officers of Pakistan Baitul Mal
چلنے پھرنے سے معذور افراد کے لیے مناسب وھیل چیئرکسی نعمت سے کم نہیں۔ ڈاکٹر سید محمد الیاس۔
پیراپلیجک سنٹر پشاور نے پاکستان بیت المال کے سینئر آفیسرز کے لیے وھیل چیئر پر ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا۔
افراد باہم معذوری کی زندگیوں کو آسان بنانے میں وھیل چیئرکو کتنی اہمیت حاصل ہے ۔ وھیل چیئر کیا ہے ۔ اس کی کتنی قسمیں ہیں، کس قسم کے مریض کو کونسی وھیل چیئر ملنی چاہیئے۔ بچوں اور بڑوں کے وھیل چیئر میں کیا فرق ہوتاہے۔ بنی بنائی اور ناپ لیکر بنائی گئی وھیل چیئر میں کیسے تمیز کی جائے، اچھی وھیل چیئرکی خاصیت کیا ہے اور کہاں سے مل سکتی ہے۔ اس قسم کے مزید درجنوں سوالات کے جواب ڈھونڈنے کے لیے پیراپلیجک سنٹر پشاور نے پاکستان بیت المال کے آفیسرز کے لیے ایک انوکھے ایک روزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا ۔
واضح رہے کہ پیراپلیجک سنٹر پشاور نہ صرف اپنے تمام تر مریضوں کو اُنکی بیماری اور جسمانی ساخت کے عین مطابق بنائی گئی وھیل چیئرز بالکل مفت فراہم کررہاہے ۔ بلکہ یہاں پر قائم اسسٹیوٹیکنالوجی ڈیپارٹمنٹ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاور کے ساتھ مل کر جدید اور معیاری وھیل چئرز ڈیزائن کرکے مقامی طور پر تیار کررہاہے۔ جس کی وجہ سے نہ صرف یہاں کے مریضوں کو اپنے مُلک میں بنائی گئی قیمتی وھیل چیئر بالکل مفت مل جاتی ہے۔ بلکہ اس سے پاکستان کو قیمتی زرِمبادلہ کی بچت بھی ہوجاتی ہے۔
پاکستان بیت المال پشاور کے سینئرز آفیسرز بشمول ڈائریکٹر لعل بادشاہ صاحب نے انتہائی دلچسپی اور انہماک کے ساتھ ورکشاپ میں شرکت کی۔ اور نہ صرف پیراپلیجک سنٹر میں بنائی گئی وھیل چیئرز کے معیار اور یہاں پر وھیل چیئر پر ہونے والے کام کی تعریف کی۔ بلکہ پیراپلیجک سنٹرپشاورکے عملے اور منیجمنٹ کی مشنری جذبے اور افراد باہم معذوری کے ساتھ روا رکھی جانے والے بہترین سلوک کو بھی بے حد سراہا۔
ادارے کے سربراہ ڈاکٹر سید محمد الیاس نے شرکا کو پریزینٹیشن دیتے ہوئے ، پاکستان بیت المال کے ڈائریکٹر اور افسران بالا کو خوش آمدید کہا۔ اور اس اُمید کا اظہار کیا کہ مستقبل میں بیت المال کے ساتھ ملکر ہم مزید ہزاروں افراد باہم معذوری کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے میں کامیاب ہونگے۔ ورکشاپ سے ادارے کے اسسٹیو ٹیکنالوجی کے ڈپٹی ڈائریکٹر منصور گولڑا ، ری ھیب انجینئر سلمان خان اور ڈائریکٹر ری ھیب ڈاکٹر عامر زیب نے بھی خطاب کیا۔
آخر میں پیراپلیجک سنٹر پشاور کے چیئرمین جناب ضیا الرحمن صاحب نے شرکا کا شکریہ ادا کیا اور اُن میں سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔