
محکمہ اطلاعات سندھ ضلع ٹھٹھہ
ٹھٹھہ : 25- اپریل 2022 (ھ آ): وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ خصوصی افراد صادق علی میمن نے کہا ہے کہ حکومت سندھ خصوصی افراد کی بحالی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے جبکہ خصوصی طلباء و طالبات کی نہ صرف تعلیم و تربیت بلکہ مکمل مالی معاونت اور بحالی کیلئے بھی کوششیں کی جاری ہیں تاکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپیشل ایجوکیشن و بحالی سینٹر مکلی میں خصوصی طلبا و طالبات، اساتذہ و عملے میں عید گفٹ کپڑے اور عیدی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینٹر کے پرنسیپال ندیم ابراھیم، پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سیکریڑی امتیاز قریشی، تحصیل صدر عبدالحمید سومرو، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خدا بخش بہرانی، ایڈیشنل ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر نیاز احمد میمن، آفتاب مین، مرتضی میمن، نامور ادیب اوبھایو خشک، فضا شاہ سندھ یونیورسٹی کیمپس ٹھٹھہ اور دیگر افراد موجود تھے۔ معاون خصوصی صادق علی میمن نے کہا کہ سندھ بھر کے تمام اضلاع میں تحصیل سطح پر اسپیشل ایجوکیشن و بحالی سینٹر قائم کئے جائیں گے اور جہاں سینٹروں کی حالت خراب ہے ان کو بہتر کیا جا رہا ہے جبکہ خصوصی افراد کی بحالی کیلئے مختلف منصوبوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے اور جلد صوبہ بھر میں خصوصی افراد کے مکمل اعداد و شمار معلوم کرنے کیلئے جامع سروے شروع کیا جائے گا تاکہ ان کی بھی بحالی کو یقین بنایا جا سکے۔
