
حکومت خصوصی افراد کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے, خاتون اول ثمینہ عارف علوی
تحریر: زاہدہ حمید قریشی، ملتان

خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے کہاہے کہ حکومت خصوصی افراد کے لیے سنجیدگی سے اقدامات کررہی ہے اور ان کی محرومیوں کے خاتمے کے لیے کوشاں ہے۔پاکستان بیت المال اور دیگر ادارے خصوصی افراد کو صرف وہیل چیئرز فراہم نہ کریں بلکہ ان کے روزگار اور کاروبار کے لیے بھی مواقع پیدا کریں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈبلیو ایچ او، پاکستان بیت المال اور دیگر سماجی اداروں کے زیراہتمام خصوصی افراد کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرثمینہ عارف علوی نے خصوصی افراد کے لیے ”سیلف ہیلپ گروپ“ کابھی افتتاح کیا۔خاتون اول نے مزید کہاکہ وہ ڈبلیو ایچ او اور دیگر متعلقہ اداروں کی انتہائی مشکورہوں کہ ان کے تعاون سے آج بدھ کو یہاں پر خصوصی افراد کے لیے تقریب کا اہتمام کیاگیا ہے جس میں ڈاکٹر مریم ملک کی خصوصی کاوشیں شامل ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملتان جنوبی پنجاب کا ایک بڑا شہر ہے اور یہاں کے لوگ فلاحی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جو ایک خوش آئندبات ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیلف ہیلپ گروپ کے قیام سے معذور افراد کے مسائل موثر انداز سے اجاگر ہوسکیں گے اور میں دعا گو ہوں کہ یہ فور م معذور افراد کے لیے ایک کارآمدپلیٹ فارم ثابت ہو۔
انہوں نے کہاکہ حکومت خصوصی افراد کے لیے اقدامات کررہی ہے اورہماری بھرپور کوشش ہے کہ معذور افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنایا جائے۔انہوں نے کہاکہ حکومت اخوت، احساس اور دیگر پروگراموں کے علاوہ بیت المال کے ذریعے بھی خصوصاً معذور خواتین کی ترجیحی بنیادوں پر معاونت کررہی ہے مگر میرا موقف یہ ہے کہ ادارے پاکستان بیت المال سمیت دیگر ادارے معذور افراد کی معاونت کے ساتھ انہیں کاروبار شروع کرنے میں بھی مدد فراہم کریں۔انہوں نے کہاکہ میں تقریب میں موجود معذور خواتین سے کہوں گی کہ وہ فرسٹ ویمن بینک سے اپنے کاروبار شروع کرنے کیلئے آسان شرائط پر قرض حاصل کریں اور ملکی ترقی میں اپنا کردارادا کریں۔ثمینہ عارف علوی نے مزید کہاکہ اس میں کوئی شک نہیں کہ جب خصوصی افراد اپنے کاروبار کے ذریعے ملکی معیشت کو مستحکم کریں گے تو ملک میں معاشی انقلاب آئے گا۔اس موقع پرانہوں نے خصوصی افراد کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہاکہ صدرمملکت عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق حکومت خواتین کوبااختیار بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ خصوصی افراد کے لیے تعلیم بھی مفت دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں خصوصی طورپر ان ورکنگ خواتین کو سلام پیش کرتی ہوں جو گھریلو امور کے ساتھ ملازمت بھی کررہی ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کی ٹیکنیکل ایڈوائزر برائے معذوری وبحالی ڈاکٹر مریم ملک نے کہا کہ آج کی تقریب میں جنوبی پنجاب کے 13اضلاع کی معذور خواتین موجودہیں اور آج ہم ان خواتین کی موثر نمائندگی کے لیے سیلف ہیلپ گروپ کا قیام کررہے ہیں تاکہ ان کے مسائل کو بھرپور انداز سے اجاگر کرنے کے ساتھ فوری حل کیا جاسکے۔ تقریب میں معذور خواتین نے خاتون اول سے سوالات بھی کیے اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔قبل ازیں خاتون اول نے مختاراے شیخ ہسپتال کابھی دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا اورانہیں ہسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔
خاتون اول ثمینہ عارف علوی نے بستی خداداد میں قائم بچوں کے لیے ادارے ”دارالسکون“کابھی دورہ کیاجہاں پر یوم دفاع کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں بچوں نے ملی نغمے پر ٹیبلو پیش کیا۔خاتون اول نے بچوں کی پرفارمنس پر ان کو داد دی اور بچوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان میں گھل مل گئیں۔خاتون اول ثمینہ عارف علوی کے اعزاز میں این جی او ”تارے زمین پر“ کی سی ای او فادیہ کاشف کی طرف سے ظہرانہ بھی دیاگیا۔