
کنگسٹن سکول کے تین خصوصی کھلاڑی ورلڈ گیمز جرمنی برلن 2023 کیلئے روانہ ہو گئے
پرنسپل سردار محمد عرفان

ایبٹ آباد کے خصوصی بچوں کے تعلیمی ادارہ کنگسٹن سکول کے تین خصوصی کھلاڑی ورلڈ گیمز جرمنی برلن 2023 کیلئے روانہ ہو گئے ہیں. کنگسٹن سکول جو مغدور بچوں کے حوالے سے پورے پاکستان میں سب سے منفرد اور کامیاب ترین ادارہ ہے جو 25 سال سے کام کر رہا ہے . کنگسٹن سکول کے تین خصوصی کھلاڑی عبید اللہ خان جدون ،علی عامر، احمد علی ورلڈ گیمز جرمنی کیلئے روانہ ہوگئے ہیں جو ہاکی اور باسکٹ بال میں حصہ لیں گے۔ادارہ کے پرنسپل سردار محمد عرفان نے بتایا ہے کہ سکول کے 7 خصوصی بچوں نے اسپیشل اولمپکس پاکستان کے فائنل ٹریننگ کیمپ میں جگہ بنائی۔اور قومی سطح کی تربیت حاصل کی ۔کنگسٹن سکول کے کوچ قمر زمان نے ان کھلاڑیوں کے ساتھ انتھک محنت کی جس سے سکول کے تین کھلاڑی جرمنی کے شہر برلن میں ورلڈ گیمز میں حصہ لے رہے ہیں۔یہ شاندار کھلاڑی نہ صرف کنگسٹن سکول شہر ایبٹ آباد بلکہ پورے پاکستان کا فخرہیں . اس سے پہلے سکول کے پاس تین انٹر نیشنل میڈلز جبکہ قومی سطح پر مختلف کھیلوں میں 290 گولڈ میڈلز ہیں .سردار محمد عرفان نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ خصوصی کھلاڑیوں کیلئے سرکاری اور نیم سرکاری اداروں میں نوکریاں ہونی چاہیے ۔ ان خصوصی بچوں کیلئے تعلیمی نصاب کا روبار اور ان کی شادیاں ہونی چاہئیے تاکہ یہ معذور افراد بھی زندگی سے اس طرح لطف اندوز ہو سکیں جیسے نارمل افراد ہوتے ہیں.بد قسمتی سے حکومتی اور ڈسٹرکٹ سطح پر ان معذور بچوں کو ہمیشہ نظر اندازکیا جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پوری اُمید اور یقین ہے کہ کنگسٹن سکول کے یہ کھلاڑی پاکستان کے لئے گولڈ میڈل لانے میں کامیاب ہوں گے۔ اگر چہ ہاکی اور باسکٹ بال کاکھیل مشکل ہے، لیکن ہم نے اس میں بہت محنت کی ہے۔
