
!اصلاح معاشرہ صرف ایک مسکراہٹ سے
اصلاح معاشرہ۔
وجہ ہی نہیں مل رہی مجھے مسکرانے کی۔
تحریر ندیم احمد اعوان۔
مسکراہٹ سنت رسول ہے،ایک صدقہ جاریہ ہے۔ آپ کی صرف ایک مسکراہٹ سے کسی کی زندگی بن سکتی ہے اور کسی کی جان بھی بچ سکتی ہے۔ یہ ایک پاورفل شخصیت کا اسلوب ہوتا ہے۔ اس لئے آپ خوش رہیں اور ہمیشہ مسکراتے رہیں۔زندگی ایک دوسرے کے دکھ درد بانٹنے کا نام ہے ،زندگی یہ ہے کہ آپ کا نام سنتے ہی کتنے دوستوں کے چہروں پر مسکراہٹ آتی ہے ۔آپ کے دوست احباب آپ کے اچھے کام دیکھ کر کتنے خوش ہوتے ہیں،آپ کی مسکراہٹ کے بدلے میں کون کون آپ کو مسکراہٹ کا تحفہ پیش کرتے ہیں ۔مسکرائیے! مسکراہٹ ایک ایسا تحفہ ہے جس پر کوئی لاگت نہیں آتی اور جواب میں فوری طور پر واپس بھی مل سکتاہے ۔یوں تو لوگ طنزیہ بھی مسکراتے ہیں، عیارانہ مسکراہٹ سے بھی اپنے چہرے کو تکلیف دیتے ہیں ۔ مگر یہاں ہم ذکر کر رہے ہیںفطری سی مسکراہٹ کا جو کسی بھی من پسند چیز یا شخص کو دیکھ کر چہرے پر نظر آتی ہے اور کسی کی خوبصورت بات کو سن کر بھی آ سکتی ہے ۔
مسکراہٹ کا عالمی دن 1987ء سے ہر سال اکتوبر کے پہلے جمعتہ المبارک کو بھر پور طریقے سے منایا جاتا ہے۔پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسکراہٹ کا عالمی دن پانچ اکتوبر کو منایا جاتا ہے۔جس کا مقصد دلوں میں پائی جانے والی کدورتوں کا خاتمہ، انسانیت کے درمیان بڑھتے ہوئے فاصلوں میں کمی، ماحول کی گھٹن کو دور کرتے ہوئے ایک دوسرے کا احساس کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے دکھوں کو بانٹنا بھی ہے۔اس موقع پر چہروں پر مسکراہٹ سجانے کی اہمیت کو اجاگر بھی کیا جاتا ہے تاکہ آج کے تیز رفتار دور میں بڑھتی ہوئی پریشانیوں کا خاتمہ کیا جاسکے۔کہتے ہیں مسکراہٹ ہماری فیس ویلیو بڑھا دیتی ہے، تو پھر مسکرائیں اور خوبصورت نظر آئیں۔آئیے مسکرائیے،مسکراہٹ لیجئے،مسکراہٹ دیجئے۔
ایک دن مجھے شاپنگ مال سے نکلتے ہوئے اپنا ایک بہت پرانا دوست مل گیا ۔ ہم نے کچھ دیر بیٹھ کر ایک دوسرے کا حال احوال دریافت کیا اورایک طویل عرصہ بعد اچانک ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پھر ہم اپنے اپنے راستے چل دئیے۔ راہ چلتے ہوئے یوں کسی جاننے والے کا مل جانا ہی غنیمت ہے ۔ ہم دونوں کو ایک دوسرے سے مل کر جو مسکراہٹ چہرے پر آئی تھی اس کی بات ہی کچھ اور تھی کبھی نا بھولنے والی مسکراہٹ تھی۔
زیادہ ہنسنا اور مسکرانا درحقیقت آپ کو دیگر افراد کی نظر میں اپنے چہرے کو اس عادت سے دور رکھنے والے لوگوں کے مقابلے میں زیادہ قابل اعتماد، مخلص، ملنسار اور اہل بناتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق 70 فیصد افراد کو خواتین میک اپ کے مقابلے میں مسکراہٹ کے ساتھ زیادہ پرکشش لگتی ہیں۔
اگر آپ تنہائی کم کرنا چاہتے ہیں، رشتے مضبوط یا کسی کا دن روشن کرنا چاہتے ہیں تو مسکراہٹ موثر ترین حکمت عملی ہے متعدد مقاصد کے حصول کا ذریعہ بنتی ہے صرف ایک مسکراہٹ۔ایک تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ مسکراہٹ ایک سے دوسرے فرد تک منتقل ہوجاتی ہے، یعنی جب کوئی مسکراتا ہے تو اسے دیکھ کر دوسرے فرد کیلئے اپنی مسکراہٹ کو روکنا بہت مشکل ہوتا ہے۔
جب ایک شخص دل سے مسکراتا ہے تو اِس سے اُس کے احساسات کا پتہ چلتا ہے جیسے کہ خوشی، اِطمینان اور سکون۔ ’’لگتا ہے کہ مسکرانا ہماری فطرت میں شامل ہے۔‘‘ اِس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ چند دن کے بچے بھی دوسروں کے ’’چہرے کے تاثرات سے اُن کے احساسات کا بڑی اچھی طرح اندازہ لگا سکتے ہیں۔‘‘ اِس کے علاوہ یہ بھی کہ ’’ایک شخص کی مسکراہٹ سے دوسرے نہ صرف اُس کے احساسات کا اندازہ لگا سکتے ہیں بلکہ یہ بھی سمجھ سکتے ہیں کہ اُنہیں اُس شخص کے ساتھ کیسے پیش آنا چاہیے۔‘‘
ادائیں یوں تو سب کی سب ہیں اسکی دل ربا لیکن
جو اُس کے زیرِلب ہے مسکراہٹ جان لیوا ہے
جو لوگ ہر وقت مسکراتے رہتے ہیں ان کی اوسط عمر لگ بھگ 80 سال ہوتی ہے جوکہ عام شہریوں کی اوسط عمر سے دو سال زائد ہے۔کسی مشہور دانا کا کہنا تھا کہ ہر بار جب آپ کسی کو دیکھ کر مسکراتے ہیں تو یہ درحقیقت اس شخص کیلئے ایک تحفہ اور خوبصورت چیز ہوتی ہے۔ اور اب سائنس نے اس بات کو صحیح ثابت کردیا ہے۔کسی دوست، رشتے دار بلکہ کسی اجنبی کے چہرے پر مسکراہٹ دیکھنے سے بھی ہمارے دل اور دماغ میں ایسی خوشی کی لہر پیدا ہوتی ہے جو کسی کھانے والی چیز یا پیسوں کے حصول وغیرہ سے بھی زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔ خاص طور پر کسی بچے کی مسکراہٹ کو دیکھنا زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتا ہے جب اسے اس کی پسند کا کوئی کھلونا مل جائے یا پسندیدہ کھانے کی کوئی چیز۔
ہر ایک مسکراہٹ مسکان نہیں ہوتی
نفرت ہو یا محبت آسان نہیں ہوتی
آنسو خوشی کے غم کے ہوتے ایک جیسے
ان آنسوؤں کی کوئی پہچان نہیں ہوتی
جو لوگ زیادہ ہنستے مسکراتے ہیں ان کی زندگی بھی خوشیوں سے بھری اورکامیاب ہوتی ہیں۔ ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ جن خواتین کی مسکراہٹ نمایاں ہوتی ہے وہ اپنی ازدواجی زندگی سے زیادہ مطمئن بھی ہوتی ہیں، جبکہ جتنا زیادہ کوئی خاتون مسکراتی ہے اس کی شادی بھی طویل عرصے تک برقرار بھی رہتی ہے۔اس کی وجہ یہ ہے کہ جو لوگ ہنسنے مسکرانے کے عادی ہوتے ہیں وہ زیادہ پرامید، خوش باش اور جذباتی طور پر مستحکم بھی ہوتے ہیں اور یہ خوبیاں صحت مند رشتے کا سبب بنتی ہیں۔مسکراہٹ کی قیمت کچھ بھی نہیں لیکن اس کا نفع بہت بڑا ہے۔ یہ ایک لمحہ میں گزر جاتی ہے لیکن اپنی میٹھی یاد ہمیشہ کے لیے چھوڑ جاتی ہے۔
محبتیں اور عزتیں اعزاز ہوتی ہیں خیرات نہیں۔ یہ نصیب سے ملتی ہیں اوقات سے نہیں اور نصیب کا گہرا تعلق دعا کے ساتھ ہے۔ دعا فقط ایک لفظ ہی نہیں بلکہ جذبات کا سمندر ہوتاہے جو اپنے پیاروں کے لئے دل کی گہرائیوں سے نکلتی ہے اور میری ہر لمحہ یہ دعاہے کہ آپ سدا ہنستے مسکراتے رہیں،خوش رہیں اور خوشیاں بانٹیں، اللہ آپکی عزت میں ہر لمحہ اضافہ کریں۔آمین ثم آمین۔